حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت امام محمد باقر علیہ السّلام کی ولادت باسعادت کے مبارک موقع پر مسجد امامیہ امروہہ ہندوستان میں سیرتِ امام پر خطاب کرتے ہوئے محقق ڈاکٹر مولانا سید شہوار حسین نقوی نے کہا کہ امام کی عظمت آپ کے لقب، باقر العلوم سے ہی نمایاں ہے آپ کو اس لقب سے اس لیے نوازا گیا کہ آپ نے علوم کو وسعت بخشی اور نئے نئے علوم سے زمانے کو روشناس کروایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام محمد باقر علیہ السّلام نے اپنے عہد میں اس پیمانے پر جدید علوم کو فروغ دیا کہ فضا خوشبوئے علم سے مہک اٹھی؛ آپ کے علم وفضل کے جید علماء قائل تھے، آپ کا امتیاز یہ ہے کہ آپ کے دادا حضرت امام حسین علیہ السّلام اور نانا حضرت امام حسن علیہ السّلام تھے اس طرح آپ نجیب الطرفین ہاشمی تھے۔ صاحب صواعق محرقہ رقمطراز ہیں کہ آپ علم، زہد و عبادت میں حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی جیتی جاگتی تصویر تھے۔ علامہ محمد بن طلحہ شافعی لکھتے ہیں کہ آپ علم، زہد، تقویٰ، طہارت، صفاے قلب اور دیگر محاسن وفضائل میں اس درجہ فائز تھے کہ یہ صفات خود ان کی طرف انتساب سے ممتاز قرار پائیں۔ ابن شہاب زہری اور امام نسائی نے آپ کو ثقہ فقیہ تحریر کیا ہے۔ آپ کی ساری زندگی ترویج علوم میں گزری آپ کا فرمان تھا کہ معاشرہ بغیر علم کے ترقی نہیں کر سکتا، کیونکہ معرفتِ الٰہی بغیر علم وعرفان کے بہت مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ امام کی فروغ علم کی تحریک کو زمانے میں عام کریں، تاکہ لوگ جہالت کے اندھیرے سے باہر آکر علم کی روشنی میں زندگی گزار سکیں۔









آپ کا تبصرہ